Sunday, 28 February 2016

میرا بھی کچھ کمال تھا

تیری ہی محنتیں نہ تھیں، میرا بھی کچھ کمال تھا
اس کا نہ کچھ جواب تھا، میرا نہ کچھ سوال تھا

نقدی تھےعمر بھر کی سب،ذوق عطا رنگ طلب
یوں ہی گنوادیا انہیں پھر بھی نہ کچھ ملال تھا

عکس جمال یارتھا یا ماہتاب غرق جو 
شیشۂ  دل میں منعکس اس کا رخ جمال تھا

پھر یہ ہوا کہ ایک شب تجسیم خواب یوں ہوئی
نہ خواب نہ خیال تھا ، نہ کوئی قیل و قال تھا

جانے وہ کیا گھڑی تھی جب ہاتھ اس کا ہاتھ میں لیا
میں بھی لرز کے رہ گیا اس کا بھی چہرہ لال تھا

Saturday, 30 November 2013

اسکی یاد



برکھا رت کا میلہ ہے بوندیں ہیں پروائی ہے

دھیرے سے من آنگن میں اسکی یاد اتر کر آئی ہے



اب کے ساون ایسا آیا پھونک چلا ہے تن من سارا

بوندوں کی رم جھم نے کیسی اگنی یہ بھڑکائی ہے



پھولوں پر ہے مستی چھائی، مہک اٹھا ہے گوشہ گوشہ

شائد آج چمن میں اسکی زلف کہیں لہرائی ہے



چاروں اور گھٹایئں چھایئں، کیسا گھور اندھیرا ہے

کھول کے اپنی زلفیں شائد آج وہ چھت پر آئی ہے



مل تو آئے اس سے لیکن اب یہ بیٹھے سوچ رہے ہیں

لاکھ یہ رینا بھیگ چلے پر آج تو نیند پرائی ہے